صفائی امور پر تعینات عملے کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح قرار

محکمہ بلدیات پنجاب نے صوبے میں صفائی امور پر تعینات عملے کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے تمام مقامی حکومتوں اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ صفائی عملہ بالخصوص سیورمین دوران آپریشن ذاتی حفاظت کا لباس پہنیں اور آلات ہمراہ رکھیں۔ مراسلے میں تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز، چیف افسران اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز کو تاکید کی گئی ہے کہ سیورمین کو سیفٹی کٹس کے بغیر کام کے لئے نہ بھیجا جائے کیونکہ تمام مقامی حکومتوں کو سیفٹی کٹس فراہم کی گئی ہیں اور دیگر انتظامیہ کو خریدنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سیکریٹری بلدیات پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے متعلقہ انتظامیہ کو یہ بھی تاکید کی ہے کہ ضرورت پڑے تو سیورمین کےلئے آلات کے استعمال پر تربیت کا اہتمام بھی کیا جائے۔اس سلسلے میں تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 کی معاونت لی جائے اور اس کے ساتھ بہترین کوآرڈی نیشن یقینی بنایا جائے۔ بالخصوص سیوریج سسٹم کی صفائی سے پہلے ریسکیو 1122 ٹیم کو معاونت کے لئے پیشگی اطلاع بھی دی جائے تاکہ آپریشن کے دوران کسی بھی ناگہانی صورت میں بروقت امداد مل سکے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ  "پنجاب آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایکٹ 2019"پر عمل درآمد یقینی بنانا محکمہ بلدیات پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے تمام انتظامیہ سرگرم کردار ادا کرنے کے لئے تیار رہے