عالمی یوم جنگلات کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ”درخت لگائیں پاکستان کے لئے“ عزم کے تحت وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے لاہور ٹاؤن ہال اور جلو پارک میں پودے لگائے۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں اور ڈی جی لوکل گورنمنٹ شفاعت علی نے قلعہ لعل سنگھ ماڈل ویلیج ش

 ”درخت لگائیں پاکستان کے لئے“: وزیر بلدیات نے پودے لگائے

    عالمی یوم جنگلات کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ”درخت لگائیں پاکستان کے لئے“ عزم کے تحت وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے لاہور کے مختلف مقامات پر پودے لگائے۔ صوبائی وزیر نے پہلے ٹاؤن ہال کے سبزہ زار میں کری پتہ کا پودا لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے دعا بھی کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لاہور اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی رائے بابر بھی موجود ہے۔ بعدازاں وزیر بلدیات نے جلو پارک کا دورہ کیا اور وہاں شجرکاری مہم کے سلسلے میں دو پودے لگائے۔ ذیشان رفیق نے ایک پودا سینئر وزیر مریم اورنگذیب کی نمائندگی کرتے ہوئے لگایا۔ شجرکاری مہم کی اس تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹریز فاریسٹ عمران علی، طارق نسیم، فائقہ سحر اور اے سی شالیمار ٹاؤن انعم فاطمہ اور مختلف سکولوں کے سٹوڈنٹس نے بھی شرکت کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ہدایت کی ہے۔ ہم انشااللہ ”درخت لگائیں پاکستان کے لئے“ کے نعرے کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات شجرکاری کے بغیر روکنا ناممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب بھر کے بلدیاتی ادارے ترجیحی بنیادوں پر پودے لگائیں گے۔ انہوں نے شجرکاری کے دوران شہریوں بالخصوص سٹوڈنٹس کی شمولیت کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر جلو پارک میں پودے لگانے والی طالبات سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کی تعریف کی۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ مل کر ’درخت لگائیں پاکستان کیلئے‘ کا باآواز بلند نعرہ لگایا۔